پشاور، 13مئی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی دفعہ ایک ہی دن میں عید الفطر پوری قوم کے لئے خوشی کی بات ہے اور اس موقع پر پوری امت مسلمہ اور قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج صبح نماز عید کی ادائیگی کے بعد بے سہارا بچوں سے عید ملنے زمونگ کور مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔وزیر اعلیٰ نے زمونگ کور مرکز میں رہائش پذیر بے سہارا بچوں سے ملے، انکے ساتھ کرکٹ کھیلی اور ان میں عیدی اور تحائف تقسیم کئے۔
وزیر اعلی محمود خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عید میں ان بے سہارا بچوں کے نام کرتا ہوں، جو ریاست کے اور ہم سب کے بچے ہیں اور ان بھر پور خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی پر زور مذمت کرتا ہوں، پوری قوم فلسطینیوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
وزیر اعلی نے اس موقع پر شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی اپنے اردگرد نادار اور کمزور لوگوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔
صوبائی کابینہ ممبران ہشام انعام اللہ اور کامران بنگش بھی اس موقع پر وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔