ملک کے طول و عرض  میں معاشی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے والے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے، وزیراعظم عمران خان کی  آئندہ  مالی سال کے پی ایس ڈی پی بارے اجلاس میں ہدایت

13

اسلام آباد،07مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان  نے  ہدایت کی ہے کہ ایسے عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے جن سے ملک کے طول و عرض  میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اگلے مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے مجوزہ سفارشات پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے صنعت مخدوم خسرو بختیار، معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو موجودہ مالی سال میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کے استعمال، آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے خدوخال، نئی سکیموں کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرنے، جاری منصوبوں پر پیشرفت کا مسلسل جائزہ لینے کے حوالے سے امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرتے ہوئے ان نئے منصوبوں کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جن سے ملک کے طول و عرض میں زیادہ سے زیادہ عوام معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور روزگار کے مواقع سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں دی جانے والی تجاویز کو چند ہدایات کی روشنی میں اگلے اجلاس میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔