سکھر میں احساس پروگرام کے تحت  ہزاروں خواتین  کو 12000 ہزار روپے امدادی رقم دینے کا سلسلہ جاری، خواتین کی وزیر اعظم کو دعائیں

38

سکھر،07 مئی (اے پی پی ): احساس پروگرام کے  تحت  ہزاروں خواتین  امدادی رقوم  وصول کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کو دعائیں  دے رہی ہیں، خواتین کا کہنا ہے کہ  ہم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں  جس نے  ہماری عید کی خوشیاں دوبالا کردی ہیں۔

 سکھر میں احساس پروگرام کے تحت  ہزاروں خواتین  فی کس 12000 ہزار روپے امدادی رقم وصول کر چکی ہیں اور رقم وصولی کا یہ سلسلہ جاری ہے۔

سکھر میں تقریبا، دس   مراکز بنائے گئے ہیں جہاں غریب اور مستحق خواتین کو وزیراعظم کے احساس پروگرام  کے تحت   امدادی رقم دی جا رہی ہےجبکہ سکھرشہرکے ایک امدادی مرکز   برائے احساس پروگرام   ( گورنمنٹ پرائمری سکول باغ حیات علی شاہ ) میں  غریب اور مستحق خواتین نے احساس پروگرام کی رقم وصول  کرنے  کے بعد اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ عید کے موقع پر  ہمیں 12000  روپے ملے  ہیں جس سے ہماری عید کی خوشیاں دگنی  ہوگئی ہیں۔

مستحق خاتون   سکینہ کا کہنا تھا کہ  مجھے بارہ ہزار روپے ملے ہیں ، عمران خان کا بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں، ان کی حکومت اچھی چل رہی ہے، وہ غریبوں کا بہت زیادہ خیال رکھتا ہے۔

ایک اور مستحق خاتون زرینہ صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان بہت اچھا آدمی ہے، ان کی وجہ سے ہم غریبوں کو پیسے ملے ہیں،ان پیسوں سے میں راشن اور عید پر بچوں کے کپڑے خرید کروں گی۔

وہاں موجود مستحق خاتون زبیدہ بیگم نے کہا کہ عمران خان کو اللہ خوش رکھے، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں، ہم کو 12000 ہزار روپے ملے ہیں جس سے ہماری خوشی دگنی ہوگئی ہے،  اب عید اچھی گزرے گی۔

اس موقع پر  کئی بزرگ خواتین بھی موجود تھیں   جن کا کہنا تھا کہ ہمارے پیسے آگئے ہیں مگر ہمارے انگوٹھے  کام نہیں کر رہے ، عمران خان ہماری مدد کریں اور ہمارا یہ مسئلہ حل کریں  تاکہ ہم بھی بہ آسانی رقم وصول کرسکیں۔