مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب کا شہر کے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کا اچانک دورہ، موجود اشیا کی کوالٹی اور وزن و نرخ چیک کئے، خریداروں سے اشیا کی قیمتوں اور معیار بارے دریافت کیا

17

فیصل آباد۔1مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب نے ہفتہ کی سہ پہر شہر کے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود اشیا کی کوالٹی اور وزن و نرخ چیک کئے جبکہ خریداروں سے اشیا کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں بھی دریافت کیا۔وزیر مملکت یوٹیلیٹی سٹورز کی سمن آباد نزد پھاٹک اور سمندری روڈ نزد چناب گارڈن کالونی برانچز میں گئے اور وہاں دستیاب اشیا کا جائزہ لیا۔انہوں نے خریداری میں مصروف شہریوں سے اشیائے خوردونوش کی مقدار و معیار کے بارے میں دریافت کیا اور بعض پیک اشیا کا وزن کرکے ان کی مقدار چیک کرنے سمیت ان پر درج تواریخ تیاری بھی ملا حظہ کیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو ماہ صیام کی فیض و برکات سے مستفید کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اربوں روپے کی سبسڈی پر شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بعض اشیا دستیاب نہ ہونے کی اطلاع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری اشیا پوری کرنے کی بھی ہدایت کی نیز شہریوں نے یوٹیلیٹی سٹورز کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ نے وزیر مملکت کو بتایا کہ ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے جبکہ6موبائل سٹورزبھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں نیز شہر کے 96 مختلف مقامات پر بنائے گئے یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، دالوں، گھی، آٹے، کوکنگ آئل، کھجوروں اور بیسن سمیت دیگر 19 سے زائد اشیا خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے نواحی علاقوں میں جہاں سٹورز موجود نہیں وہاں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے موبائل یوٹیلیٹی سٹورز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ شہری اپنے گھر کی دہلیز پر پہنچنے والے یوٹیلیٹی سٹورز سے خریداری کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر تمام سٹورز کا افسروں کی جانب سے دورہ بھی کیا جاتا ہے اور خدانخواستہ اگر کسی بھی جگہ کوئی بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو فوری کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جاتا ہے۔