وزیراعظم کی حرمین الشریفین کے اماموں سے ملاقات، عالمگیر کورونا وباء کے دوران ایس او پیز کے ساتھ حج کو جاری رکھنے کے انتظامات کی تعریف

18

مکہ،9مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے عالمگیر کورونا وباء کے دوران ایس او پیز کے ساتھ حج کو جاری رکھنے کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ جلد حالات معمول پر آئیں گے اور تمام مسلمان مسجد الحرام میں عبادت کے ثمرات سمیٹیں گے جبکہ امام کعبہ نے اسلامو فوبیا کے مقابلے اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے وزیراعظم پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس سے مکہ میں ملاقات کی، اس موقع پر مسجد الحرام کے دیگر امام بھی موجود تھے جن میں شیخ شوریم، شیخ سعد شاتری اور شیخ صالح حمید بھی شامل تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی جانب سے حاجیوں کو جدید اورشاندار سہولیات کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے عالمی وباء کے دوران ایس او پیز کے ساتھ حج کو جاری رکھنے کیلئے انتظامات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عوام کے سعودی عرب میں مقدس مساجد کے ساتھ عقیدت پر روشنی ڈالتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ جلد حالات معمول پر آئیں گے اور تمام مسلمان مسجد الحرام میں عبادت کے ثمرات سمیٹنے کے قابل ہوں گے۔

وزیراعظم نے امام کعبہ سے پاکستانی عوام کی بہتری، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں کی استدعا کی۔

 امام کعبہ نے وزیراعظم کے اسلامو فوبیا کے سدباب کے لئے اقدامات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت کی پاکستان کے حوالے سے اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا میں ایک بڑی تعداد اردو بولتی اور سمجھتی ہے۔

 امام کعبہ نے سعودی عرب کے انتہائی کامیاب دورہ پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دورہ کے اختتام پر جاری ہونے والے جامع مشترکہ اعلامیہ کو سعودی دانشور اور امام مکمل سپورٹ کرتے ہیں۔

اماموں نے کہا کہ وہ پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

 وزیراعظم نے اماموں کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے استقبال کے متمنی ہیں۔ اماموں نے جلد پاکستان کے دورے کے حوالے سے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔