لاہور۔6مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں جنوبی پنجاب وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی بدولت ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ارکان قومی اسمبلی میں فاروق اعظم، رانا قاسم نون، سردار نصراللہ خان دریشک، طاہر اقبال، عبدالغفار وٹو، میاں شفیق آرائیں، سردار عامر طلال گوپانگ، ارکان صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری، حسنین دریشک اور دوست محمد مزاری نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں جنوبی پنجاب میں عوامی فلاحی، ترقیاتی اور جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ کے قیام کے حوالے سے امور تبادلہ خیال کیا گیا۔ممبران اسمبلی نے اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل بالخصوص سڑکوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سمیت دیگر بڑے ترقياتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔انہوں نے وزیر اعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے عوام کو نظر انداز کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے ویزن پر عملدرامد ممکن بنارہی ہے۔ وزیراعظم نے ممبران کو اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سفارشات کی تر جیحی بنیادوں پر حتمی منظوری دینے کے لئے وہ جلد ہی اجلاس کی صدارت کریں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی بدولت ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان میں خوشحالی اور معاشی ترقی قانون کے يكساں اطلاق اور عوام کوانصاف کی يكساں فراہمی سے ہی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔