ملتان،26مئی(اے پی پی):معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کی طرف سے ایک شخص کے ہاتھ کاٹ دینے کے واقعہ پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے بربریت کی انتہا قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ ایسے عناصر وحشی درندے ہیں جن کا انسانیت سے دور کا واسطہ بھی نہیں ہے، ان جرائم پیشہ عناصر نے انسانیت کی تذلیل کی ہے اور انسانیت کے منہ پرطمانچہ مارا ہے جو کہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ایسے ظالم درندوں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی اور ان جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس علاقے میں متحرک گینگ اور ان کے سرغنوں کا صفایا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو پولیس کے علاوہ رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔