پشاور، 3 مئی(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالے بیمار اور لاوارث بچے کو “زمونگ کور” میں رکھنے کی ہدایت کردی، جو پشاور بس سٹینڈ میں رہتا تھا۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے لاوارث اور بیمار بچے سے ملاقات کی اور بچے کا علاج سرکاری سطح پر کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بچہ انور ولد اکبر علی سکنہ ہوتی نہر مردان شوگر کے مرض میں مبتلا ہے اور والدین جائیداد کے تنازعہ پر قتل ہوچکے ہیں جبکہ جائیداد پر چچا قابض ہے۔
اس بچے انور نے کہا کہ کوئی نہیں میرا اس لئے بس اسٹینڈ پشاور میں رہتا ہوں،جس پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے بچے کو جائیداد میں اس کا حق دلانے کیلئے متعلقہ حکام کو اقدامات کی ہدایت بھی کی۔اور ساتھ ہی بچے کو کپڑے اور دیگر تحائف بھی دیے۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت غریبوں ، لاچاروں کی مددگار ہے اور یہی عمران خان کا وژن بھی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں پناہ گاہ ، کوئی بھوکا نہ سوئے اور دیگر پروگرام غریبوں کی فلاح کیلئے شروع کئے۔