اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی) کا دورہ کیا ،جہاں انھیں ایم ڈی اے پی پی طارق محمود کی جانب سے اے پی پی کے امور، نیوز سروسزاور دیگر امور سے متعلق بریفننگ دی گئی۔وزیر مملکت نے اے پی پی کی مختلف نیوز سروسز اور شعبوں کا دورہ بھی کیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اے پی پی ریاستی میڈیا کا اہم حصہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے برسر اقتدار آنے کے بعد میڈیا پر کسی قسم کا سنسر نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، جرنلسٹ پروٹیکشن بل میں صحافیوں، میڈیا ورکرز اور معاون عملے کی زندگیوں اور صحت کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دنیا میں اہم کردار ہے،کلین اینڈ گرین کے حوالے سے عمران خان ورلڈ لیڈر کے طور پرپہنچان بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی سمیت ریاستی میڈیا حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ ایم ڈی اے پی پی طارق محمود نے کہا کہ اے پی پی اردو، انگلش، عربی، سندھی، بلوچی اور براہوی سمیت متعدد زبانوں میں خبریں، فیچرز قومی، علاقائی اور عالمی اخبارات اور ذرائع ابلاغ کو فراہم کررہا ہے،،مستقبل میں چائنیز،روسی، فرانسیسی اور فارسی زبان کی نیوز سروس کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔