گھوٹکی،26مئی(اے پی پی): اپوزيشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کو ڈاکوؤں اور چوروں سے نجات دلائے گی ،شکارپور واقعہ پر وزیر اعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیا آج وزیر داخلہ شیخ رشید یہاں پہنچ رہے ہیں۔
گھوٹکی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اپوزيشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ شکارپور میں ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو شہید کیا مگر سندھ حکومت خاموش ہے، پیپلز پارٹی سندھ میں ڈاکوؤں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بدامنی کی وجہ سندھ حکومت ہے، آئی جی سندھ گمشدہ ہوگئے ہیں۔
اپوزيشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر ہوں، نہ میرے پاس ہیلی کاپٹر ہے نہ کچھ اور میں متاثرہ علاقوں تک پہنچ جاتا ہوں، مگر وزیر اعلیٰ سندھ نہیں پہنچ پاتے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے وڈیرے کاشتکاروں تک پانی نہیں پہنچنے دیتے۔انہوں نے کہا کہ بارشیں کم ہوئی ہیں اس لیے پانی کی قلت ہے لیکن اب بلاول بھٹو اپنی بارش ہوتا ہے پانی آتا ہے والے فارمولے پر قائم نہیں رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ میں وفاقی سرکار ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا چکی ہے بہت جلد ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔