ویکسین کے ضمنی اثرات کی شرح آٹے میں نمک کے برابر ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان  کی میڈیا سے گفتگو

64

اسلام آباد،18مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے  معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاہے کہ ویکسین کے ضمنی اثرات کی شرح آٹے میں نمک کے برابر ہے،4ہزار 329 میں معمولی متوقع ضمنی اثرات کی شکایات ملیں جس میں سے 90 فیصد شکایات انجکشن کی جگہ پر درد یا بخار کی تھیں، سائنو فارم وافر مقدار میں دستیاب ہے، ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ منگل کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ30 سال اور زائد کے افراد کی رجسٹریشن شروع ہوچکی ہے، 40 سال اور زائد کے افراد کی ویکسی نیشن 12 مئی سے کی جارہی ہے، رجسٹریشن کے بعد 40 سال اور زائد کے افراد واک ان ویکسی نیشن کراسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائنو فارم وافر مقدار میں دستیاب ہے، ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے، سائنو فارم کی دوسری ڈوز اس کی پہلی ڈوز والوں کو دی جائے گی۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسی نیشن تاحال تک عمل محفوظ ہے، ضمنی اثرات معمولی نوعیت کی ہے، آسٹرازینکا یورپی اور دیگر ممالک میں استعمال ہورہی ہے۔

اس سے قبل ڈاکٹر فیصل سلطان کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہنا تھا کہ 3.8 ملین سے زائد کورونا ویکسین تاحال استعمال کی جاچکی ہیں، 4 ہزار 329 میں معمولی متوقع ضمنی اثرات کی شکایات ملیں ،90 فیصد شکایات انجکشن کی جگہ پر درد یا بخار کی تھیں، 6 قابل تشویش واقعات محض اتفاق تھے جن کا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں تھا۔