پاکستان تحریک انصاف کی حکومت  عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے؛صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی

31

ملتان، 24 مئی (اے پی پی):صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر اور ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت  عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا ہیڈ آفس شمس آباد کے دورہ کے موقع پر اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمد ندیم قریشی نے کہا کہ ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے درینہ مسائل کو شہریوں کی دہلیز پر حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، واسا ملتان شہر میں  فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بنیادی سہولیات کے منصوبوں سے بروقت مستفید  کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت  نے ملتان شہر میں سیوریج مسائل کے حل کے لئے اربوں روپے کے فنڈز  دے دیے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ سیوریج اور واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی  کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، کروڑوں روپے کی لاگت سے اندرون شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے مسلم کالونی، عزیز کالونی ،منظور آباد، شریف پورہ، حافظ جمال روڈ، حاجی بوٹا والی گلی، بابر روڈ، پل شیدی لال ،طوطلاں والی مسجد سے بستی دائرہ تک ،محبوب کالونی، مکران کالونی، فیصل پورہ اور قصاب پورہ  میں نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لئے سیوریج سکیمیں تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

  منیجنگ ڈائریکٹر واساناصراقبال نے اس دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انصار چوک پر  48 انچ سائز کی 850  فٹ بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد وینچنگ مشینوں کے ذریعے سیوریج لائن کی صفائی کا عمل جاری ہے اور حافظ جمال روڈ پر بھی مشینری کے ذریعے سیوریج لائن کی صفائی کی جارہی ہے۔ انہوں بتایا کہ بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کے تحت ٹی بی ہسپتال روڈ اور المصطفی روڈ کی لائنوں کی تبدیلی کا کام رواں ہفتے شروع کر دیا جائے گا جس سے ملحقہ علاقوں کو نکاسی آب کے مسائل سے ریلیف ملے گا۔

 اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر سمیت دیگر افسران اور شہری بھی  موجود تھے۔