پاکستان کی پوری قوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،اسرائیلی مظالم پر سراپہ مضطرب اور احتجاج میں ہے؛وفاقی وزیر فواد چوہدری

31

اسلام آباد ، 13مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے  کہا  ہے کہ  اس عید کے موقع پر پاکستان کی پوری قوم فلسطین کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی مظالم پر سراپہ مضطرب اور احتجاج میں ہے،  فلسطین کو ہر سطح پر پاکستان کی حکومت کی اعانت حاصل رہیگی۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے     جمعرات کو    یہاں عید کے دن فلسطینی سفارتخانے آمد پر   پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربائی سے ملاقات میں  کیا ۔ملاقات میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیراعظم پاکستان کا فلسطین کے عوام کے لیئے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ  وزیراعظم پاکستان عمران خان بذات خود فلسطین کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور فلسطین کے مسئلہ پر مسلسل اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں سے رابطے میں ہیں۔انہوں  نے  کہا کہ وزیر اعظم نے ترک صدر طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کرکے فلسطین میں مسلط اسرائیلی جارہیت کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا اعادہ بھی کیا ہے۔

فواد چوہدری نے  مزید کہا کہ  قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان-فلسطین حکمت عملی کے بانی ہیں اور ہم اسی حکمتی عملی پر عمل پیرا ہیں۔

 فلسطینی سفیر احمد ربائی نے فواد چوہدری سے پاکستان کی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ  پاکستان کی اظہار یکجہتی سے  ہم اپنے آپ کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔

 فلسطینی سفیر کے جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 1000 فلسطینی بشمول خواتین و بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 1500 فلسطینی اب تک اسرائیلی مظالم کے سبب زخمی اور 1000 گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

 فلسطین کے سفیر نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی قرآن مجید بھی ہدیہ کیا۔ فواد چوہدری نے فلسطینی سفارتخانہ کی یاداشت پر بھی اپنے دورہ اور فلسطین کے موجودہ حالات پر اپنے جزبات و خیالات کو قلمبند بھی کیا۔