وزیر مملکت  فرخ حبیب کی تمام اہلیان اسلام و پاکستانیوں کو عیدالفطر کی م مبارکباد،عید پر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین

33

فیصل آباد، 13 مئی  (اے پی پی): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے تمام اہلیان اسلام و پاکستانیوں کو عیدالفطر کی خوشیوں کی مبارکباد

دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی دونوں عیدیں کورونا کی عالمی وبا کے دوران آئی تھیں اور اس بار پھر عید ایسے حالات میں آئی ہے کہ جب ہم سب کو کورونا کی تیسری شدید لہر کا سامنا ہے جبکہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا اس موذی مرض کے چنگل میں پھنسی ہوئی ہے اسلیے کوروناکی تیسری شدید لہرکے دوران عید پر کورونا ایس او پیز کو نظر انداز نہ کیا جائے اورشہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وباکو پھیلانے کی بجائے اسے روکنے والے بنیں تاکہ اس کے مزید نقصانات سے بچا جاسکے۔

جمعرات کی صبح حق پارک محمدی چوک ڈی ٹائپ کالونی فیصل آباد میں عیدالفطر کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینہ میں فلسطین میں مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس اور غزہ پر سنگین جارحیت اور بمباری سمیت وحشیانہ حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب، انسانیت یا قانون اس قسم کی جارحیت کی اجازت نہیں دیتا جس میں نہ بچوں کو دیکھا جائے نہ خواتین اور بزرگوں کولہٰذادنیا کو پیغام ہے کہ ایسا دوہرا معیار نہیں چل سکتااسلئے اقوام متحدہ اور عالم اقوام دباؤ ڈال کراسرائیلی جارحیت رکوائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس ضمن میں سعودی کنگ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ترکی کے صدر طیب اردگان سے تفصیلی بات کرکے انہیں نہ صرف اپنے جذبات اور تشویش سے آگاہ کیا بلکہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے فیصلہ کن کردار کی بھی اپیل کی۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ پورا پاکستان فلسطین کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے اوراس جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں پرزور مذمت کرتا ہے بلکہ دنیا بھر سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس جارحیت کو فوری طور پر روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی بھی پرزور مذمت کی اور کہا کہ مودی سرکار کو اوچھے ہتھکنڈوں سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ عالم اقوام بالخصوص امت مسلمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عید کا موقع ہے مگرروایات کے برعکس شہباز شریف اس بار لندن میں سلمان شہباز اور دیگر حواریوں کے ساتھ عید منانے کی بجائے پاکستان میں عید منا رہے ہیں جبکہ ہم عوام کے منہ سے چھینی گئی رقوم اور ٹی ٹیوں سے بننے والی سوئیوں کے مزے لینے اور میٹھا میٹھا ہپ کڑوا کڑوا تھو نہیں کرنے دیں گے اورقومی چوروں و لٹیروں کاپاکستان میں ہی احتساب ہو گااور لوٹا ہوا پیسہ واپس آئے گانیزکسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف کو ٹی ٹیوں، منی لانڈرنگ اور فرضی اکاؤنٹس کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی عوام سے کمٹمنٹ ہے کہ کسی کرپٹ ٹولے کو این آر او نہیں ملے گا اور ان کا احتساب اسی ملک میں ہوگا جبکہ لوٹا ہوا پیسہ بھی قومی خزانے میں واپس لایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا ایک سسٹم ہے جس کے تحت ہم ملزم پکڑ کر ثبوتوں سمیت عدالتوں کو دیتے ہیں اور وہ قانونی کاروائی پوری کرکے انہیں سزائیں دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بھی عدالتوں نے سزا دی اور باقی ٹولے پر بھی کیس چل رہے ہیں جن کے فیصلے عدالتیں ہی کریں گی اور ہم ان فیصلوں کا احترام کریں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا وزیراعظم عمران خان کو بہت زیادہ احساس ہے اور اس حوالے سے خاص طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ انہوں نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو بھی مہنگائی نیچے لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کا ٹاسک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں بلکہ 4 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مخصوص معاشی و اقتصادی حالات کے باعث مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے حتیٰ کہ خطہ کے دیگر ممالک میں پٹرول کی قیمتیں بھی زیادہ ہیں مگر ہم پھر بھی عوام کو تمام ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے اورپہلی بار کاشتکاروں کو صرف گندم کی فروخت کی مد میں اضافی 500 ارب روپے اور مجموعی طور پر چاول،آلو ودیگر غذائی اجناس کی مد میں 1100 ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوئی۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ اسی وجہ سے ملک میں ٹریکٹروں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر زرعی مشینری کی سیل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے لوگوں کو سستے گھر فراہم کرنے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور صرف حکومت ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹر بھی اس شعبہ میں وسیع سرمایہ کاری کررہا ہے جس کے تحت قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی اربوں روپے مالیتی اراضی پر سستے گھر بنا کر کم آمدن والے لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو اعلیٰ معیار کی مفت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں شہریوں کو ہیلتھ کارڈز فراہم کئے جارہے ہیں اور رواں سال کے آخر تک خیبر پختونخواہ کی طرح پنجاب کے تمام شہریوں کو صحت انصاف ہیلتھ کارڈ جاری کردیئے جائیں گے جس پر وہ 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کرواسکیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ہم مہنگائی کو نیچے لائیں گے جبکہ حکومتی اقدامات کے باعث معاشی انڈیکیٹرز بھی بہتری کی جانب جارہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ فیصل آباد جو گزشتہ ادوار حکومت میں ٹیکسٹائل کا قبرستان بن چکا تھا اور یہاں ٹماٹر مہنگے جبکہ پاورلومز سستی مل رہی تھیں مگر اب حکومتی کوششوں سے ایک بار پھر بند ٹیکسٹائل انڈسٹری چل پڑی ہے اور آنیوالے دنوں میں اس میں مزید بہتری بھی آئے گی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے آخر میں ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ بعدازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان سمیت ان کے پیاروں کی زندگیاں بھی محفوظ رہ سکیں۔