ڈاکٹروں کے رہائشی ٹاور اور سڑکوں کی مرمت کےلئے عملی اقدامات،8 رکنی کمیٹی تشکیل،  سیکرٹری ہیلتھ

21

ملتان۔30مئی  (اے پی پی):پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں ڈاکٹروں کے رہائشی ٹاور اور سڑکوں کی مرمت کے لئے عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا۔ سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب نے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی ایک ہفتے کے اندر رپورٹ تیار کر کے جمع کروانے کی پابند ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے وفد نے دو روز قبل صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی قیادت میں سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن جنوبی پنجاب طارق محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر شاہد لطیف بھی موجود تھے ۔اس موقع پر پی ایم اے کے وفد نے سب سے پہلے نشتر ہسپتال کے ڈاکٹروں کے لئے رہائشی ٹاور پروجیکٹ پر ورک اپ مکمل کرنے اور اسکی جلد منظوری سے متعلق تفصیلی گفتگو کی جس پر سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے معاملے پر باقاعدہ 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے کر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،کمیٹی کے کنوینئر سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سائوتھ پنجاب خود ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل اینڈ ڈرگ کنٹرول، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج،پرنسپل نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری، پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر مسعود الروف ہراج، اور ایم ایس نشتر ہسپتال شامل ہیں،کمیٹی نشتر مین ریذیڈینشل ٹاور کی ضرورت اور جگہ کے تعین کے علاوہ دیگر معاملات دیکھ کر ایک ہفتے کے اندر رپورٹ تیار کر کے جمع کروانے کی پابند ہو گی۔