ژوب ائیرپورٹ کوتین سال بعدآپریشنل کردیاگیا

19

ژوب، 18  مئی (اے پی پی): ژوب ائیرپورٹ کو تین سال بعد منگل  کو آپریشنل کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک ماحولیات حاجی مٹھا خان کاکڑ نے ژوب ائیرپورٹ میں پی آئی اے فلائیٹ سروس کی بحالی اور افتتاح کے موقع پر بحثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ پی آئی اے فلائیٹ سروس کی بحالی سے عوام کا دیرینہ مطالبہ حل ہوگیا، صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ نے کہا کہ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور پی آئی اے جی ایم کی کاوشوں کی بدولت فلائیٹ سروس بحالی میں بہت کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں، فلائیٹ سروس کی بحالی سے ژوب سمیت کئی اضلاع کے مسافروں کو سفری سہولیات میسر ہوگئیں، انھوں نے مزید کہا کہ ژوب کی پسماندگی ختم کرنے کے لیے کئی ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور بے شمار منصوبوں پر کام جاری ہے۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے بلال افضل، پی آئی اے، صوبائی سیلز افسر شیبر ترین ڈسٹرکٹ سیلز آفسر اسلم شاہ کاکڑ اور مولوی قطب الدین خوستی نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے بند پی آئی اے فلائیٹ سروس کی دوبارہ بحالی پر عوام صوبائی حکومت،صوبائی وزیر لائیو سٹاک اور پی آئی اے کے جی ایم اور دیگر عملے کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کہ انھوں نے دیرینہ عوامی مطالبہ حل کر دیا۔

 کراچی سے پی آئی اے فلائیٹ  پی کے 528 نے 36 مسافروں کو لے کر ژوب ایئرپورٹ پہنچی تو ائیرپورٹ پر حاجی مٹھا خان کاکڑ نے مسافروں کو گلدستہ پیش کیا، جبکہ ژوب تا کراچی  پی کے 529 پی آئی اے فلائیٹ سروس 41 مسافروں کو لے کر اڑان بھری، اس موقع پر مہمان خصوصی نے ژوب سے کراچی جانے والے مسافروں کو گلدستے پیش کئے۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق ہفتے میں دو دن منگل اور جمعہ کو فلائیٹ سروس ہوگی۔