کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے باوجود شہباز شریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینا سمجھ سے بالا تر ہے؛فرخ حبیب

29

فیصل آباد،  08  مئی  (اے پی پی): وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات میاں فرخ حبیب نے کہاکہ شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں مگر پھر بھی انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دینا سمجھ سے بالا تر ہے حالانکہ قبل ازیں نوازشریف بھی واپس آنے کا وعدہ کرکے گئے مگر ابھی تک واپس نہیں آئے نیز سلمان شہباز،اسحاق ڈار اور ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی بتائیں کہ اگر انہوں نے کرپشن نہیں کی تو وہ ملک سے کیوں فرار ہیں۔

ہفتہ کی دوپہر مارکیٹ کمیٹی ڈجکوٹ روڈ فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیرمملکت نے کہاکہ شہبازشریف نے رات کی تاریکی میں قانونی کارروائی مکمل کئے بغیر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی جبکہ ان کا یہ اقدام بھی حیرت انگیز ہے کہ ان کی ضمانت بعد میں ہوئی مگر انہوں نے اپنی روانگی کیلئے ٹکٹ پہلے بک کروارکھی تھی۔ انہوں نے کہاکہ شریف برادران کا طریقہ واردات یہ ہے کہ اگر وہ اقتدار میں ہوتو وہ ملک میں موجود رہتے ہیں لیکن اگر وہ اقتدار سے باہر ہوں تو پھر ان کا یہاں دل نہیں لگتا کیونکہ ان کی تمام پراپرٹیز اور اولادیں وکاروبار ملک سے باہر ہیں۔

 وزیر مملکت نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ شریف خاندان ہمیشہ علاج کے نام پر ملک سے بھاگتا ہے حالانکہ قوم کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ جب وہ تین تین بار وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب رہے تو انہوں نے ملک یاصوبہ میں ایک بھی ایساہسپتال کیوں نہ بنایا جہاں ان کا اپنا بھی علاج ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے قبل ازیں نوازشریف کی چار ہفتوں کیلئے ضمانت دی تھی مگر وہ آج تک واپس نہیں آئے مگر ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر عدنان تھک کر واپس آگئے ہیں۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات میاں فرخ حبیب نے کہاکہ شہبازشریف جس کے 1990میں اثاثے 25لاکھ، 1998میں 2کروڑ اور 2008کے بعد 7ارب سے بھی زیادہ ہوگئے وہ بتائیں کہ یہ رقم ان کے پاس کہاں سے آئی۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام پیسہ ٹی ٹیوں کے ذریعے آیا جبکہ حوالہ،ہنڈی، جعلی اکاؤنٹس کا موجد بھی یہی شریف خاندان ہے مگر عمران خان ان کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لہٰذ ا یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح عمران خان انہیں این آر اودے دیں تاکہ یہ مسٹر ٹھگ اور مسٹر فراڈیے لڈیاں ڈالتے پھریں۔ میاں فرخ حبیب نے کہاکہ ایک سائیکل چور بھی جیل میں پڑا سوچتا ہوگاکہ یہاں سائیکل چوری اور ملک وقوم کی دولت لوٹنے والوں کیلئے الگ الگ قانون کیوں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیلسن منڈیلا نے 28سال جیل کاٹی مگر این آر اومانگ کر فرار ہونے کی کوشش نہیں کی کیونکہ وہ کرپٹ نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے ڈی جی ایف آئی اے کو درخواست دیئے اور بلیک وریڈ لسٹ سے نام نکلوائے بغیر ملک سے رات کی تاریکی میں فرار ہونے کی کوشش کی حالانکہ انہیں پراسیس کو فالو کرنا چاہیے تھا۔

 وزیر مملکت نے کہاکہ  حکومت قانون کی حاکمیت کیلئے ہرقدم اٹھائے گی لیکن وزیراعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت یا کوئی ایک ادارہ یا کوئی ایک شخص کرپشن کاخاتمہ نہیں کرسکتا اسلئے سب کو مل کر اس کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی اور متعلقہ اداروں کو بھی اس بارے میں سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے سامنے دنیا بھر کے ماڈلز موجود ہیں جہاں مختلف ممالک کے سربراہان اور وزراء کو کرپشن پر سزائیں ہوئیں، ہمارا سب سے بڑا رول ماڈل ریاست مدینہ کا ہے جس کا مقصد انصاف کا بول بالا کرنا اور کرپشن پر سب کا بلاامتیاز احتساب کرنا ہے۔

 فرخ خبیب نے کہاکہ پرچی چیئرمین بلاول زرداری کو روز پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں اور وہ رات کو ٹھنڈے کمروں میں سونے کے بعد صبح اٹھ کر میڈیا کے ذریعے حکومت پر چڑھ دوڑتے ہیں لیکن وہ خود بتائیں کہ انہوں نے سندھ کے عوام کیلئے کیا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی پنجاب میں آٹا 800سے860روپے فی20کلوگرام میں دستیاب ہے لیکن سندھ میں یہی قیمت 1200روپے ہے اسی طرح سندھ دیگر زرعی اجناس اور اشیائے خوردونوش کے نرخ بھی بہت زیادہ ہیں نیز سندھ کی عوام کو مافیاز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیا ہے حتیٰ کہ سندھ میں عوام پانی ٹینکر مافیاکے رحم وکرم پر ہیں جس کے ساتھ ساتھ وہاں صحت،تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں مگر اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے غربت ختم کرنے پر پوری توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

وزیر مملکت نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پر ہیں جس سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی اعتماد اور احترام کا رشتہ ہے لیکن اب عمران خان کا دورہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس دوران نہ صرف کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں جن سے سعودیہ کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور گرم جوشی پید ا ہونے سمیت امت مسلمہ کو جوڑنے اور تمام اسلامی قوتوں کے درمیان اتحاد واتفاق کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

 میاں فرخ حبیب نے کہاکہ اب سعودیہ اور ایران کے درمیان بھی خوشگوار تعلقات کا سلسلہ شروع ہونے جارہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے مسلم ممالک کے تمام سفیروں سے ملاقات کرکے ان سے خطاب میں اسلامو فوبیہ کے خلاف اقدامات کا بیڑا اٹھایا ہے کیونکہ ہم اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہوئے توہین رسالت ؐ پر ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

 وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات نے کہاکہ حکومت ماہ رمضان میں شہریوں کو بھر پور ریلیف دے رہی ہے اور 5ارب روپے کی سبسڈی سے سستے رمضان بازار لگائے گئے ہیں جبکہ آج ان کے مارکیٹ کمیٹی فیصل آباد کے دورہ کا مقصد بھی یہ تھا کہ چونکہ مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر تمام اشیائے خوردونوش کے نرخ مقرر کرکے ریٹ لسٹیں جاری کرتی ہے لہٰذا ان کا طریقہ کار چیک کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ غلہ منڈی کے تاجروں نے بھی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے کیونکہ کراچی کے بعد فیصل آباد کی غلہ منڈی ملک کی دوسری بڑی منڈی ہے جہاں سے ملک بھر سے غذائی اجناس کی ٹریڈنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ تاجران کے تعاون کے بھی مشکور ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری ہیں لہٰذا اس حوالے سے کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 ایک سوال کے جواب میں میاں فرخ حبیب نے کہاکہ ماضی میں زرعی سیکٹر پر توجہ نہیں دی گئی لیکن اب حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وزیراعظم کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس نے ایک پلان مرتب کیا ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع کردیاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں اس بار گندم کے کاشتکاروں کو 500ارب روپے اور دیگر زرعی اجناس پر 1100ارب روپے اضافی ملیں گے جس کے ساتھ اس بار کئی سالوں کے بعد کاشتکاروں کو آلو،مکئی،گنے،چاول کے بھی صحیح دام ملے ہیں۔

 میاں فرخ حبیب نے کہاکہ حکومت نے کسان کارڈز کے اجرا کا سلسلہ شروع کیا ہے جس سے کاشتکاروں کو ڈائریکٹ سبسڈی ملے گی اور اب ٹریکٹر سکیم کو بھی کامیاب جوان پروگرام میں شامل کیاجارہا ہے تاکہ نوجوان شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے سنگل ڈیجٹ پر آسان شرائط کے تحت قرضے لے کر ان سے ٹریکٹر اور دیگر زرعی آلات حاصل کریں تاکہ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول یقینی ہوسکے۔