یکساں احتساب اور انصاف پی ٹی آئی کا نعرہ ہے؛ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

17

ملتان، 26 مئی (اے پی پی):معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے  کمزور نظام کی وجہ سے کچھ لوگوں کی ضمانتیں ہو رہی ہیں، یہ انوکھے لاڈلے ماضی میں اداروں کو استعمال کرتے رہے، ان لاڈلوں کا علیحدہ پاکستان ہے۔وزیر اعظم عمران خان یکساں پاکستان کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں، یکساں پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا،یکساں احتساب اور انصاف پی ٹی آئی کا نعرہ ہے۔

ہ  سینئیر صحافیوں سے  گفتگو کررہی تھی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات پنجاب محمد ندیم قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ جب پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آئی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت نے کروٹ لی ہے، شرح نمو میں چار فیصد اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافہ اور روشن ڈیجیٹل اکاونٹ اس کی واضح مثالیں ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب کی دھرتی کا سپوت ہیں، تمام اضلاع کی یکساں ترقی موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین پالیسیوں کے ذریعے جنوبی پنجاب کےاحساس محرومی کا  خاتمہ کیا جارہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے جنوبی پنجاب کے  پے در پے دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ موجود حکومت اس خطے کو اہمیت دیتی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عوام سے تبدیلی کا جو وعدہ کیا ہے اسے نبھایا جائے گا اور انکے دکھوں کا مداوا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کو فٹیف جیسے چیلنجز کا سامنا تھا،حکومت بہترین حکمت عملی کے ذریعے اس چیلنج سے نمنٹ رہی ہے،پی ٹی آئی کی حکومت نے بھارتی عزائم کو شکست دی اور پاکستان کی دنیا میں اہمیت کو اجاگر کیا ہے،یہی وجہ ہے کہ آج امریکہ افغانستان میں پاکستان کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خسارے میں جانیوالے  اداروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ترقی دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بہولپور سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بہت جلد کیا جانے کی نوید بھی دی۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر ڈی جی پی آر میں ڈیجیٹل سیکشن بنایا جارہا ہے تاکہ رابطوں کو تیز تر کیا جا سکے کیونکہ جہاں  کمیونیکیشن گیپ آتا ہے وہاں غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں ،ڈی جی پی آر کا ساوتھ پنجاب میں ڈائریکٹوریٹ فعال کیا جائے گا، اس عمل سے جنوبی پنجاب کے میڈیا کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گا۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام میں بہت پوٹینشل ہے، سرائیکی وسیب کی عوام  انتہائی محبت کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں صحافی کالونی کا دوسرا فیز بھی قائم کیا جائے گا جبکہ انہوں نے صحافیوں کے لئے ملتان پریس کلب میں جمعرات سے ویکسینیشن  کا عمل شروع کرنے اعلان بھی کیا اور کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے تمام صحافیوں کو مدعو نہیں کیا جا سکا،شہر اولیاء کے آئندہ دورے کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ ملاقات کا دوسرا سیشن ہو گا۔

اس موقع پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بہترین انداز سے حکومت کی ترجمانی کررہی ہیں۔انہوں نے صحافی ظہور دھریجہ  کی طرف سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ملتانی اجرک کا تحفہ پیش کرنے کے حوالے سے کہا کہ بہنوں کو ملتانی اجرک پہنانا اس دھرتی کا خاصہ ہے۔