سیالکوٹ،16جون(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وفاق اور صوبے کے بجٹ میں عوام، کسانوں، ہیلتھ اور ایجوکیشن اور بزنس کمیونٹی سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے طبقات اور افراد کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا ہے ۔
بدھ کو سیالکوٹ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم نے شبانہ روز محنت اور لگن سے بیمار اور خستہ حال معیشت کو درست کرکے ایسا بہترین بجٹ پیش کیا ہے،تاہم ابھی تک مثالی بجٹ پر اپوزیشن کی نکتہ چینی سامنے نہیں آئی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ہیلتھ ریفارمز کا وعدہ کیا تھا،پنجاب کی سو فیصد آبادی کی مفت ہیلتھ انشورنس کے لیے ایک کھرب روپے قومی ہیلتھ کارڈ پر خرچ کرنے جارہی ہے۔2کروڑ92لاکھ خاندان ہیلتھ کیئر کا حصہ بننے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشن کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے وزیر اعلی نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ دی ہے۔
اراکین قومی اسمبلی کے مابین ہونے والے تصادم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن نے روایات کا خیال نہ رکھتے ہوئے اسمبلی کو اکھاڑے میں تبدیل کردیا، اپوزیشن کے اراکین نے قومی اسمبلی میں خواتین نے بدتمیزی کی ان کو زخمی کیا اور ان کی بے توقیری کرکے جمہوری روایات کو پامال کیا ،اسپیکر پر دوہری ذمہ داری آگئی ہے،بجٹ صرف حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے اس کوپاس کروانا ہمارا آئینی حق ہے اور ہر صورت میں بجٹ کو پارلیمنٹ سے منظور کروائیں گے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ 2017اور 2018میں وزیر اعلی پنجاب کے آفس کا نان سیلری خرچ 20کروڑ 21 لاکھ تھا جس سے 2020-21 میں40فیصدکمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ شہر سالانہ اربوں ڈالر قیمتی زر مبادلہ کمانے کے علاوہ 45ارب سے زائد ٹیکس سالانہ جمع کرواتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محنت کش کی اجرت کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ان کے بجٹ میں اضافہ کیا گیاہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ سیالکوٹ لاہور موٹروے کے ساتھ نیا انڈسٹریل زون کی تعمیر اور کے ساتھ ورکرویلفیئر فنڈز سے مزدوروں کیلئے ہاو سنگ کالونی بنانے جارہے ہیں۔ہماراکسان خوشحال ہورہی ہے زراعت اور انڈسٹری آگے بڑھ رہی ہے ۔ صوبہ میں صنعتی ترقی کے فروغ اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرنے کیلئے 13اکنامک زون قائم کرنے جارہے ہیں جس سے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی اوربیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔











