تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں:چودھری پرویز الہی

9

لاہور،24 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج پنجاب اسمبلی میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی- صوبائی وزراء راجہ بشارت اور چودھری ظہیر الدین بھی اس موقع پر موجود تھے -اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بجٹ اجلاس، ورکنگ ریلیشن اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی-وزیراعلی عثمان بزدار نے بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر چودھری پرویز الہی کی تعریف کی -چودھری پرویز الہی نے عوام دوست بجٹ پر وزیراعلی عثمان بزدار کے اقدامات کو سراہا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 560 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔اپوزیشن عوام دوست بجٹ پر تنقید کرکے عوام سے دشمنی کر رہی ہے۔ سیاسی تماشا لگانے کی ہر سازش کو ملکر ناکام بنایاہے-عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے اتحادی جماعت سے مل کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے-انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے-اتحادی جماعت کو ہر موقع پر ساتھ لیکر چل رہے ہیں -پی ڈی ایم کا اکٹھ بکھر چکا، ہم ایک پیج پر ہیں اور ایک رہیں گے-اپوزیشن جماعتوں نے صرف سازشیں کیں اور ان عناصر کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا-سازشیں کرنیوالے پیچھے رہ گئے اورہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔چودھری پرویز الہی نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں -انہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے-

جوہر ٹاون میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جوہر ٹاون میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ کارروائی کی ہے اور مٹھی بھر دہشت گردوں کو امن و امان خراب نہیں کرنے دیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے۔ میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکرگزار ہوں اور انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔