جلال پور، 25 جون (اے پی پی): جلالپورپیروالاپولیس افسران بہتر اخلاق سے محکمہ کے اقدار کو بلند کریں، ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملتان کیپٹن (ریٹائرڈ )محمد عامر خان نیازی نے تھانہ سٹی جلال پور میں کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل سننے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مقامی تفتیشی پولیس افسران کو سائلین کے مسائل فوری اور میرٹ پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل عباس اختر، ایس ایچ او تھانہ سٹی عمر دراز سیہڑ، ایس ایچ او تھانہ صدرارشد محمود بھٹی، دونوں تھانوں کے تفتیشی پولیس افسران اور سائلین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عامر خان نیازی نےکہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عام لوگوں کی اعلیٰ پولیس افسران تک رسائی کو آسان بنانا اور دور دراز سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل سن کر حل کرنا ہے، محکمہ پولیس کے اقدار کو بلند کرنے کے لئے پولیس افسران اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ تفتیشی افسران زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پرحل کریں اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔