راولپنڈی؛چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے مندرہ میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

28

راولپنڈی،20جون  (اے پی پی):چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے   اتوار  کو یہاں مندرہ میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سنگ  بنیاد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کی ہدایت پر رکھا گیا ہے،ادارہ میں 200 بچوں اور بچیوں کی رہائش کی گنجائش ہے۔یہ سٹیٹ آف آرٹ ادارہ ہو گا، جس میں سکول بھی ہو گا،تشدد اور ظلم کے شکار بچوں کی اذیت لفظوں میں بیان نہیں ہو سکتی۔

چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بتایا کہ راولپنڈی میں چار لاکھ روپے ماہانہ کرایہ میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو قائم ہے، اس میں صرف 50بچوں کی گنجائش ہے۔انہوں نے  کہا کہ بچوں پر تشدد کے روک تھام کیلئے قوانین کو مزید سخت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مندرہ میں چائلڈ پروٹیکشن ادارہ 2023 تک مکمل ہو گا، ادارہ میں بچوں اور بچیوں کے الگ الگ ہوسٹل ہونگے،منصوبہ کی لاگت 24 کروڑ روپے ہے، بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔