لاہور،30 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا، منصوبہ کے تحت ایک نیا شہر آباد کیا جائے گا، اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے سے علاقے کے لوگوں کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں عمائدین علاقہ کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) پالیسی کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ اس میگا پروجیکٹ سے لاہور اور گردونواح کے پانی سے متعلقہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے اور ماحولیاتی آلودگی اور اس کے منفی اثرات کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔
اجلاس میں روڈا پالیسی سے متعلق عوام کے تحفظات سنے گئے اور میاں محمودالرشید نے روڈا حکام کو عوام کے جائز مسائل کو ترجیح بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔