سکھر،یکم جون(اے پی پی ): شکارپورکے قریب کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈآپریشن کی تیاریاں مکمل، وفاقی حکومت کی بھیجی گئی بکتربندگاڑیاں بھی پہنچ گئیں ہیں جبکہ نشانہ باز اور کمانڈوزبھی بیس کیمپ پرموجودہیں، جدید اسلحہ سے لیس پولیس نفری کو الرٹ کردیا گیا ہے ، آپریشن کسی بھی وقت شروع کیا جاسکتا ہے۔
سندھ کے اضلاع گھوٹکی، سکھر، کشمور اور شکارپورکے جنگلات واقع کچہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا فیصلہ کن آپریشن کرنے کے لئے تیاریاں مکمل کردی گئی ہیں، کراچی سے 200 کمانڈوز اورسندھ پولیس کے 50 نشانہ باز کو بھی طلب کیا گیا تھا جو اس وقت گڑھی تیغومیں بیس کیمپ پر موجود ہیں۔
ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کے لئے شکارپورکے قریب گڑھی تیغوعلاقہ میں پولیس کا بیس کیمپ قائم کردیا گیا ہے جہاں پولیس فورس اور بکتربندگاڑیاں کھڑی کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہرنواز شیخ، ایس ایس پی شکارپورتنویتنیو اور ایس ایس پی کشمورامجد شیخ گڑھی تیغوبیس کیمپ پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے ڈاکوؤں کے خلاف تیاریوں کا جائزہ لیا اور حتمی شکل دے دی ہے۔
سندھ حکومت نے ایک ڈاکو مارنے پر ڈیڑھ لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کردیا ہے، جتنے بھی ڈاکو مارے جائیں گے ، انعام کی رقم پولیس جوانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ایس ایس پی شکارپورتنویرتنیو کوآپریشن کا انچارج مقررکیا گیاہے۔ ایس ایس پی شکارپور تنویر تنیوکا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن اور بھرپورآپریشن کیا جائے گا جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔