سکھر:تعلیمی اداروں میں دوسرے روز بھی حاضری کم،ایس او پیز پر سختی سےعملدرآمد

17

سکھر،08جون(اے پی پی): تعلیمی اداروں میں دوسرے روز بھی حاضری بہت کم رہی،ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد، کئی اسکولز میں مقررہ وقت سے قبل ہی چھٹی کردی گئی، ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر اضلاع میں بھی سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کے اعلان کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، تعلیمی اداروں میں کوویڈ۔19 ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، اداروں میں باقاعدہ کلاسز کاآغازنہیں ہوسکا تاہم طلبہ کو کلاسز لینے کے لئے تیاری کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

 تعلیمی ادارے کھلنے کے بعددوسرے روز طلبہ کی حاضری 10 فیصد سے بھی کم رہی۔ اسکول میں ایس او پیز کے تحت طلبہ نے ماسک پہن کر رکھے ہیں، سکول آمد کے موقع پرطلبہ کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے، جراثیم کش اسپرے اور طلبہ کو واک تھرو گیٹ سے گزارا گیا۔ حکومت کی جانب سے سرکاری اسکول اور کالج کے اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مقرر کئے ہیں جبکہ کئی اسکولز کے بچوں کو مقررہ وقت سے قبل ہی چھٹی دیکر گھر بھیج دیا گیا۔ سکھر میں شدید گرمی پڑ رہی ہے، درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوزکرچکا ہے۔