سکھر: سندھ ہائی کورٹ نے شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپورکولاء کالجزکے طلبہ سے امتحانات لینے اور تین سال کے اندرڈگری مکمل کرانے کا حکم دے دیا

47

سکھر،01جون(اے پی پی): سندھ ہائی کورٹ سکھرنے شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپورکولاء کالجزکے طلبہ سے امتحانات لینے اور تین سال کے اندرڈگری مکمل کرانے کا حکم دے دیا ہے، رجسٹرارنے شیڈول کے ساتھ حلفیہ بیان جمع کرا دیا۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر کے دو رکنی بنچ نے لاء کالجز کے طلبہ کی درخواست پر سماعت کی۔ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپورکے رجسٹرار اور افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس آفتاب احمد اور جسٹس فہیم صدیقی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دوران سماعت رجسٹرار سے پوچھا کہ گزشتہ سماعت پر طلبہ سے امتحانات لینے کا حکم دیا تھا، اس پر عمل کیوں نہیں ہوا۔ رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ کوویڈ۔19 کی صورتحال کی وجہ سے امتحانات نہیں لئے جا سکے تھے۔

 جسٹس آفتاب احمد نے ریمارکس میں کہا کہ کوویڈ کا مسئلہ تو ایک سال سے ہے، پچھلے تین سال سے امتحانات کیوں نہیں لئے گئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ دو گھنٹے کے اندر لاء کالجز کے طلبہ سے امتحانات کا شیڈول تیار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے سماعت دو گھنٹوں کے لئے ملتوی کردی۔ وقفہ کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی جس میں مذکورہ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے عدالت میں شیڈول پیش کیا اور اس کے ساتھ اپنا بیان حلفی بھی جمع کرایا کہ پیش کئے گئے شیڈول کے مطابق طلبہ سے امتحانات لئے جائیں گے۔

عدالت میں پیش کئے گئے شیڈول کے مطابق لاء کالجز کے طلبہ سے رواں ماہ جون میں امتحان لینے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ سال میں دو مرتبہ امتحانات منعقد کئے جائیں گے، اسی طرح عدالت کے حکم کے مطابق تین سال کے اندر طلبہ کو لاء کی ڈگری دی جائے گی۔