سیالکوٹ،15جون(اے پی پی):سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ پر فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید اور چیف ایگزیکٹو آفیسر رمادا چودھری ریاض احمد نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فائیو سٹار ہوٹل بننے سے نہ صرف فضائی کمپنیوں کے عملے کو بہترین رہائش کی سہولت فراہم ہو گی بلکہ دنیا بھر کی بزنس کمیونٹی اور سیاحوں کو سیالکوٹ آنے اور اس کی مصنوعات کو خریدنے کا موقع مل سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ائرپورٹ اور اس پورے ریجن میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی شدید کمی محسوس کی جارہی تھی اور ہوٹل نہ ہونے کی وجہ سے دنیا کی کئی اہم فضائی کمپنیاں سیالکوٹ کے لیے اپنی سروسز شروع کرنے سے کترا رہی تھیں ۔
چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید نے کہا کہ سیال انتظامیہ کئی برسوں سے یہاں فائیو اسٹار ہوٹل کے قیام کے لیے کوشاں تھی ، اب اللہ کے فضل و کرم سے سیال انتظامیہ کی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں ، چودھری ریاض احمد کی مہر بانی سے دنیا کے ایک بڑے برانڈ کا ہوٹل سیالکوٹ ائرپورٹ کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دے گا ۔
چیئرمین سیال نے فائیو اسٹار ہوٹل کا منصوبہ منظور کروانے پر سابق چیئرمین سیال ندیم انور قریشی کی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں سراہا جبکہ چودھری ریاض احمد اور ان کی پوری ٹیم کا بھی شکر یہ ادا کیا ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر رماداپلازہ اسلام آباد چودھری ریاض احمد نے کہا کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں 150 کمرے بنائے جائیں گے ۔ ہوائی جہازوں کے لیے فوڈ کیٹرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ تین ریسٹورانٹ بنائے جائیں گے ۔ خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ سویمنگ پول اور ہیلتھ کلب بھی بنائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ائر پورٹ کے علاوہ اس پورے ریجن کی ہوٹل کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا ، ہوٹل کی تعمیر کا منصوبہ ڈھائی سال میں مکمل کیا جائے گا ۔
قبل ازیں منصوبے کی تحتی کی نقاب کشائی کی گئی اور زمین کی کھدائی کا آغاز کر کے منصوبے کی بنیاد رکھی گئی ۔ اس موقع پر چودھری ریاض احمد کو سیال یاد گاری شیلڈ اور ڈائریکٹر رمادا اسلام آباد عمیر چودھری کو تحائف پیش کئے گئے ۔











