صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے دوردراز علاقوں تک پاکستان بیت المال کی رسائی بڑھانے کی ضرورت پرزور

32

اسلام آباد،4جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے دور دراز علاقوں تک پاکستان بیت المال کی رسائی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیواؤں ، یتیموں ، نادار خواتین اور خصوصی افراد کی مالی امدادکیلئے غربت سے دوچار علاقوں پر توجہ دی جائے، معاشرے کے کمزور طبقات کے مسائل کے حل کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان بیت المال کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پاکستان بیت المال کی خدمات کے متعلق صدر مملکت کو بریفنگ دی۔  انہوں نے بتایا کہ بیت المال مالی معاونت اور فنی تربیت کی فراہمی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے میں کردار ادا کر رہا ہے جبکہ خصوصی افراد کی بہبود کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں داخلہ دے کر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے بھی سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو مزدوری کی بجائے پرائمری تعلیم کی ترغیب کیلئے ڈونرز کے تعاون سے کیش ٹرانسفر اسکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے۔

صدر مملکت نے خصوصی افراد اور ضرورت مندوں کی فلاح وبہبود کے لئے بیت المال کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال پر زور دیا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے دور دراز علاقوں بالخصوص بلوچستان، اندرون سندھ اور سابقہ فاٹا میں رسائی بڑھائی جائے۔  انہوں  نے کہا کہ بیواؤں ، یتیموں ، نادار خواتین اور خصوصی افراد کی مالی امدادکیلئے غربت سے دوچار علاقوں پر توجہ دی جائے، اسی طرح معاشرے کے کمزور طبقات کے مسائل کے کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 صدر عارف علوی نے کہا ک خواتین اور خصوصی افراد کو مالی لحاظ سے بااختیار بنانے کے لئے ٹیوٹا اور نیوٹیک کے تعاون سے انہیں ہنرمندبنانے کیلئے کام کیا جائے۔