صوابی ،06 جون (اے پی پی):ڈی پی او صوابی کی قیادت میں صوابی پولیس کا بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن، پانچ اشتہاریوں سمیت 45مشتبہ افراد گرفتار،03 عدد کلاشنکوف،02 عدد پستول ،08 میگزین سمیت درجنوں کارتوس برآمد، مشکوک افراد کا کریمنل ڈیٹا چیک کرکے کلئیر ہونے پر چھوڑ دیا گیا۔سرکل رزڑ دیہہ پرمولی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پرسرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا ، جس کی قیادت ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے بذاتِ خود کی ۔
آپریشن میں ڈی ایس پی رزڑ پشم گل خان ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نورالامین خان، ایس ایچ او پرمولی سب انسپکٹر سبحان اللہ جدون،ایس ایچ او کالوخان انسپکٹر محمد فیاض خان ،ایس ایچ او یارحسین سب انسپکٹر راز محمد خان،بھاری نفری پولیس، پولیس کمانڈوز، آر آر ایف، فرنٹیئر کنسٹبلری، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو،بکتر بند گاڑیوں اور ایمبولینس نے حصہ لیا۔اس دوران بھاری نفری پولیس نے دیہہ پرمولی،نارنجی،مہر علی ،خیشاء بانڈہ،درہ پہاڑی علاقہ جات اور دیگر ملحقہ بانڈہ جات میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔
ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے پیر سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے پُر امن انعقاد کی خاطر تمام تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز کو شہر بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کی خاطر سماج دشمن اور شرپسند عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔











