صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں طلبہ وطالبات کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن سینٹر کا افتتاح

42

لاہور،10جون (اے پی پی ):صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں طلبہ وطالبات کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن سینٹر اور  فنی تعلیم کے اداروں کی بورڈ کے ساتھ الحاق کے لئے ”آن لائن ایفیلی ایشن پورٹل“ کا بھی افتتاح کیا۔

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ  پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں ون ونڈو اپریشن سنیٹر اور اداروں کے الحاق کے لئے پورٹل کیا قیام احسن اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کے اس انقلابی اقدام سے طلبہ وطالبات اور فنی تعلیم کے اداروں کو بہترین سہولیات ملیں گی،طلبہ وطالبات اور اداروں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانا پڑیں گئے۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بورڈ میں ای خدمات کی فراہمی وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ہےجبکہ مجوزہ بجٹ میں آمدن کا تخمینہ 946.891ملین روپے جبکہ کل اخرجات کا تخمینہ 1037.225ملین روپے ہے۔

صوبائی وزیر نے فنی تعلیم کے اداروں کی بورڈ کیساتھ الحاق کی مدت میں توسیع، عمارت کی تبدیلی، نشستوں کی تعداد میں اضافے،ادارے کے نام کی تبدیلی اور تبدیلی ملکیت کی فیس میں اضافے کی تجویز مسترد کردی۔انہوں نے کہا کہ بورڈ فیسوں میں اضافے کی بجائے کووڈ کی وجہ سے بند ہونے والے اداروں کو چلانے کے لئے اقدامات کرے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، معیاری فنی تعلیم کا فروغ اور صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ہماری اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدے داروں سے حلف بھی لیا۔

 افتتاحی تقریب میں چیئرمین بورڈ محمد ناظر خان نیازی اوربورڈ ممبران نے شرکت کی۔