اوکاڑہ،21جون(اے پی پی): پی ٹی آئی کی رہنماء ضلعی صدر خواتین ونگ و چیئر پرسن کلین اینڈ گرین پروگرام اوکاڑہ شازیہ احمد نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے اورخواتین کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ میں تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لانے کیلئے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنما شازیہ احمد نےاجلاس کے شرکاءسے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو ملی جذبے کے ساتھ ملکر آگے بڑھانا، پارٹی کو مزید مضبوط بنانا اور کارکنان سے رابطے رکھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے شازیہ احمد کو کلین اینڈ گرین اوکاڑہ کی قائد ہونے کے ناطے شجرکاری مہم میں عوام میں گھروں، دفاتر، سکولوں اور پارکوں میں پودے لگانے کا شعور اجاگر کرنے، شہروں دیہاتوں میں صفائی کے کاموں میں دلچسپی لینے اور خصوصاً اوکاڑہ کی عوام اور خواتین کے حقوق کے لئے بے لوث خدمت کرنے کے جذبے پر خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے اختتام پر ملک پاکستان کی ترقی خوشحالی امن و امان کے لیے دعا کی گئی۔
اجلاس میں جنرل سیکریٹری خواتین ونگ ڈسٹرکٹ اوکاڑہ مسز عبدالرشید اورپی ٹی آئی کے رہنما سہیل خان لودھی، شیخ مدثر، نواب ذیشان جٹ، غضنفرحسن، سرفراز خان ودیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔