پنجاب بجٹ میں اقلیتوں کے لئے فنڈزمیں چارسوفیصداضافہ:اقلیتوں کے ماڈل علاقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے؛مہندرپال سنگھ

105

ملتان،21جون  (اے پی پی): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق  مہندرپال سنگھ نے کہاہے کہ پنجاب کے بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح وبہبودکے لئے اڑھائی ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،یہ رقم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں چارسوفیصدزیادہ ہے۔

اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے مہندرپال سنگھ نے کہاکہ حکومت نے یہ اضافہ اقلیتوں کی 8کروڑآبادی کے لئے کیاہے جن میں مسیحی،ہندو،سکھ اوردیگراقلیتیں شامل ہیں۔یہ اقلیتیں پنجاب کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیرہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں سے چالیس کروڑروپے گوردواروں،مندروں،گرجاگھروں اوردیگرعبادت گاہوں کی مرمت اورتزئین وآرائش پرخرچ کئے جائیں گے،اس کے نتیجے میں مذہبی سیاحت کے فروغ میں مددملے گی اورمختلف عقائد اور مذا ہب سے تعلق رکھنے والے افراداپنے مذہبی مقامات پرآئیں گے۔اسی طرح دس کروڑروپے اقلیتوں کے قبرستانوں اورآخری رسومات کے مقامات اپ گریڈکرنے پرخرچ کئے جائیں گے۔

مہندرپال سنگھ نے کہاکہ حکومت نے اقلیتوں کے دوسو گھر وں  والے علاقوں کو ماڈل علاقے قراردینے کابھی فیصلہ کیاہے،پی ٹی آئی کی حکومت اقلیتی آبادی کے ماڈل علاقوں میں سیوریج،پینے کے پانی کی فراہمی،سڑکوں پرلائٹوں کی تنصیب سمیت مختلف ترقیاتی کام کرائے گی،اس پرچالیس کر وڑ رو پے خرچ ہوں گے۔انہوں نے بتایاکہ ابتدائی طورپرفیصل آباد کے وارث پورہ محلہ اوررحیم یارخان کے کانجومحلہ میں یہ ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ پہلاموقع ہے کہ حکومت اقلیتوں کی غریب لڑکیوں کی اجتماعی شا د یوں کے لئے فی خاندان دولاکھ روپے فراہم کرے گی،ابتدائی طورپراس سکیم سے دوسوخاندان استفادہ کریں گے،اس مقصد کے لئے پانچ کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق  مہندرپال سنگھ نے کہاکہ ماضی میں حکومتیں کرسمس اوردیگرتہواروں کے  موقع پرغریب مسیحی خاندانوں کو امدادی چیک فراہم کرتی رہی ہے یہ رقم چھ کروڑ روپے تھی اب حکومت نے اسے بڑھاکرچھ کروڑسے بیس کروڑروپے کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پراقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے گئے اقد اما ت  اجاگرکرنے کے لئے اقلیتوں کی فلاحی سکیموں کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی بنائی جارہی ہے جس میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات بھی اجاگرکئے جائیں گے۔

اس موقع پرہندوبرادری کی رہنما شکنتلہ د یو ی   بھی موجودتھیں۔انہوں نے اقلیتوں کی فلاح وبہبودکے لئے بھاری رقوم مختص کئے جانے پراطمینان کااظہارکیااورکہاکہ یہ پہلی حکومت ہے جواقلیتوں کی فلاح وبہبود پراتنی توجہ دے رہی ہے۔