قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ، حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ،اجلاس بدھ کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا

19

اسلام آباد،15جون  (اے پی پی):قومی اسمبلی میں منگل کو بھی  ہنگامہ آرائی ہوئی، اس دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، دونوں طرف کے اراکین بجٹ دستاویزات اٹھا اٹھا کر ایک دوسرے پرپھینکتے رہے، ہنگامہ آرائی کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

منگل کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ 2021-22ءپر بحث کا آغاز کیا تو اس دوران ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی، سپیکر قومی اسمبلی کو ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ بعد ازاں سارجنٹ ایٹ آرمز نے حزب اختلاف اور حکومتی بنچوں کے درمیان سیکیورٹی حصار قائم کیا جس کے بعد شہباز شریف نے دوبارہ تقریر شروع کی تو ایک بار پھر ایوان میں  نعرے بازی شروع ہو گئی  اور ایک دوسرے پر بجٹ دستاویزات کی بھاری بھاری کتب اٹھا کر ایک دوسرے پر  پھینکنے  کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سپیکر نے معاملے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اجلاس ملتوی کردیا۔ بعد ازاں اراکین ایوان میں اس دوران بھی تلخ  جملوں کا تبادلہ کرتے رہے۔ سارجنٹ ایٹ آرمز کی بڑی تعداد ایوان میں معاملہ رفع دفع کرنے میں مصروف رہی۔بعد ازاں سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔