ملتان،گھریلو صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی شروع

66

ملتان،21جون(اے پی پی): حکومت پنجاب نے پنجاب سمال انڈسٹریز کی گھریلو صنعتوں کے فروغ

کے لئےآسان شرائط پر قرض کی فراہمی شروع کردی ہے۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے 15 دستکاروں میں آسان شرائط پر قرض کے چیک تقسیم کئے۔

پنجاب سمال انڈسسٹریز چیمبر آف کامرس ملتان کے زیر اہتمام دستکار پذیرائی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرملتان نے کہاکہ پاکستان میں گھریلو صنعتوں کا مستقبل روشن ہے۔ حکومتی پالیسی کے سبب چھوٹی صنعتیں عالمی منڈیوں میں اپنا تسلط قائم کرسکیں گی۔انہوں نے کہاکہ کاشی گری، ظروف سازی، بلیو پاٹری خالصتاً ملتانی فن ہے۔ کمشنرنے کہا کہ موہنجودڑو، بابل،ہڑپہ کی قدیم تہذیبیں مٹی کے برتن بناتی تھیں۔مٹی کے ظروف کی رنگائی کیلئے قدیمی پودے انڈیگو سے نیلا رنگ نکالا جاتا تھا۔انہوں نے کہاکہ بلیو پاٹری کی ڈاکومنٹری کو تمام ملکوں میں دکھایا جائے گا۔لوکل فن کی حوصلہ افزا ئی کرکے اسے عالمی سطح پر متعارف کروائیں گے۔

صدرچیمبر آف کامرس خواجہ صلاح الدین نے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ دستکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔مقامی فنون کے فروغ کے لئے ڈویژنل انتظامیہ کا وژن اورکاوشیں لائق تحسین ہے۔

عمارہ منظور نے کہا کہ اس خطے کے دستکاروں کیلئے ہینڈی کرافٹ ڈویلپمنٹ سنٹر بنایا جائے گا۔

اس موقع پرملتان کی شان بلیو پاٹری پر تفصیلی دستاویزی فلم بھی لانچ کر دی گئی۔بلیو پاٹری کے پرانے دستکار محمد واجد کی دستار بندی کی گئی۔بلیو پاٹری کے تمام دستکاروں میں خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔پاکستان ہینڈی کرافٹ لوگو مقابلے میں پنجاب میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان اسد علی کوبھی انعام دیا گیا۔