ملتان میں انسداد منشیات کےعالمی دن ( 26جون )کی مناسبت سے چار روزہ تقریبات  منعقد کی جا ئیں گی

47

ملتان، 15 جون (اے پی پی ): سماجی رہنما وشعور ترقیاتی تنظیم کے صدر شاہد محمود انصاری،جنرل سیکرٹری سول سوسائٹی فورم   چوہدری منصور احمد،جوائنٹ سیکرٹری سول سوسائٹی فورم میاں وقاص فرید قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات کی وباء سے بچانے کیلئے عوامی آگہی کے مقاصد کو بروئے کار لائیں   جائیں ۔

انہوں  نے کہا کہ  انسداد منشیات کے عالمی دن 26جون کی مناسبت سے  اینٹی نارکوٹکس فور س پنجاب و ملتان  محکمہ سوشل ویلفیئر  کی زیر نگرانی شعور ترقیاتی تنظیم وسول سوسائٹی فورم کے زیر اہتمام اور مقامی اداروں  پائلٹ سیکنڈری سکول،ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ،بلیک پینتھر تیکوانڈو کلب،ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور شمع بناسپتی کے تعاون سے چار روزہ تقریبات  منعقد کی جارہی ہے ۔

انہوں  نے مزید کہا ہے کہ منشیات کی وباء نے پوری کو جس طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔یہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں۔ایسی صورتحال میں نسل نو کو منشیات کی وباء سے بچانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح معاشرے کے وہ افراد جو منشیات کی وباء کا شکار ہوچکے ہیں ان کی بحالی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ہم ذمہ دار اداروں سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملتان کے ان علاقہ جات اور پبلک مقامات پر موجود منشیات کے عادی افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے ہسپتالوں تک پہنچائیں اور ان کا علاج معالجہ کرانے کے ساتھ ساتھ ان کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں تاکہ وہ مفید شہری بن سکیں اسی طرح تعلیمی اداروں کو بھی منشیات فروشوں سے بچایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ  منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، انسداد منشیات کی عوامی آگاہی مہم انہیں مقاصد کے تحت شروع کی جارہی ہے ۔