ملتان ڈویژن میں پیداواری مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے کاشتکاروں میں انعامات تقسیم

32

ملتان، 25 جون (اے پی پی):ڈویژن میں پیداواری مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب جمعہ کو یہاں منعقد ہوئی، تقریب میں تیل دار اجناس پیداواری مقابلہ میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 3 لاکھ کا چیک دیا گیا ہے اور دوسری پوزیشن کو 2 لاکھ،تیسری کو 1 لاکھ کاچیک دیا گیا ہے۔ کاشتکار عامر علی نے 33 من ایکڑ سورج مکھی کی پیداوار پر پہلا انعام حاصل کیا۔

تقریب سے خطاب میں کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،معاشی چیلنجز کو حل کرنے کے لئے زراعت کے کردار سے انکار ممکن نہیں ہے۔انہوں  نے کہا کہ زرعی شعبہ کو جدید  تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے،  ریسرچ کرکے زرعی پیداوار کی بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

کمشنر نے کہا کہ زراعت اور صنعت کے شعبے کو لنک کرنے کی ضرورت ہے، پاک چین کوریڈور کی وجہ سے مستقبل میں ملتان تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس کی کوالٹی بہتر کرکے بین الاقوامی سطح پر متعارف کروایا جائے گا۔

اس موقع پر ڈائیریکٹر زراعت نے کہا کہ ڈویژن میں 40 کاشتکاروں کو زرعی پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے چنا گیا ہے، 6 کاشتکاروں نے بہترین پیداوار پر پوزیشن،انعام حاصل کئے ہیں۔

 کاشتکاروں نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں ۔کاشتکاروں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حق میں پرزور نعرے بھی لگائے۔