ملکی معیشت مستحکم ہورہی ہے ، ٹیکس فری بجٹ منتخب حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، بلوچستان کی ترقی وزیر اعظم کا عزم ہے،ڈپٹی  سپیکر قومی اسمبلی  قاسم سوری

9

کوئٹہ ،23جون  (اے پی پی): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کوئٹہ اسلام آباد ائیر سیال فلائیٹ آپریشن کا افتتاح کردیا ۔ تقریب کوئٹہ ائیرپورٹ پر ہوئی ۔تقریب سے ڈپٹی  سپیکر قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت مستحکم ہورہی ہے ۔ ٹیکس فری بجٹ منتخب حکومت کا بڑا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وزیر اعظم کا عزم ہے ۔ بلوچستان کے جنوبی علاقوں کی ترقی کیلئے 640 ارب روپے سے کام کررہے ہیں ۔ سیاست سے بالاتر صرف ملک اور عوام کی بہتری کیلئے کام ہماری ترجیح ہے ۔ ڈپٹی  سپیکر نے ائیر سیال کے عہدیداروں کو فلائیٹ آپریشن کے آغاز پر مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ کمپنی گوادر سے بھی آپریشن شروع کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی  وبا میں دنیا کی بڑی  فضائی کمپنیاں بند ہو گئیں لیکن پاکستان میں نئی سروس کا آغاز ہوا ۔ائیر سیال ائر بس کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کیلئے ہفتہ میں 6 پروازیں چلائے گی ۔ ائر سیال کا فلائیٹ آپریشن ملک  کے 5 شہروں میں شروع کردیا ہے ۔ ائر سیال کے چیف ایگزیکٹو آفیسرامین احسن اور  پاکستان  بلوچستان کے عہدیدار بھی موجود تھے۔