اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اپنے قومی لباس اور ثقافت کو فروغ دینے میں کوئی مضائقہ نہیں؛ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری

20

اسلام آباد۔23جون  (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اپنے قومی لباس اور ثقافت کو فروغ دینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایئرسیال ایئرلائن کی جانب سے اسلام آباد اور کوئٹہ کے مابین پروازوں کے اجراء کی افتتاحی تقریب کے  موقع پر  میڈیا    نمائندوں  سے   گفتگو  میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان دنیا بھر میں ملکی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر کے سفر کے دوران اپنا قومی لباس پہنتے ہیں۔

ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ  نجی ایئر لائن ایئر سیال کی جانب سے کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کے اجراء سے بلوچستان کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطوں میں اضافہ ہوگا ،گوادر پورٹ اور سی پیک کے دیگر جاری منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کاآغاز ہوگا،نجی شعبے کی جانب سے ملک میں ایئرلائن کا اجراء موجودہ حکومت کی اقتصادی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے،ایئرسیال ایئرلائن کی جانب سے ملک کے6 بڑے شہروں خصوصاً کوئٹہ کے لئے پروازوں کا اجراء ایک خوش آئند قدم ہے ، اس سے بلوچستان کی عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہونگی۔