وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری  کی  افغان ہم منصب کے ہمراہ صدر امور حرمین شریفین شیخ عبد الرحمن السدیس اور امام کعبہ شیخ صالح بن عبد اللہ بن حمید سے ملاقات، افغان امن کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اظہار تشکر کا پیغام دیا

26

مکہ مکرمہ،11جون  (اے پی پی):وفاقی  وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے  جمعہ کو  مسجد الحرام میں افغان ہم منصب کے ہمراہ صدر امور حرمین شریفین (مسجد الحرام ، مسجد نبوی ﷺ) شیخ عبد الرحمن السدیس اور امام کعبہ شیخ صالح بن عبد اللہ بن حمید سے ملاقات کی ۔ پیر نور الحق قادری نے  سعودی عرب میں ‘‘افغان قیام امن ’’کے موضوع پر دونوں ممالک کے علمائے کرام کی کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اظہار تشکر اورپائیدار امن کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادے کا پیغام دیا۔

 پیر نور الحق قادری نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن ، پاکستان میں امن کی ضمانت ہے ، پاکستان کے علماء و مشائخ کرام بھی افغان قیام امن و استحکام اور مذاکرات کیلئے اپنا موثر کردار جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرح وہ بھی اپنے افغان بھائیوں کیلئے امن کی خواہش رکھتے ہیں۔

 شیخ السدیس نے کہا کہ سعودی عرب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر قیادت افغانستان میں مکمل امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ہمسایہ ملک میں قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے۔

 ملاقات کے اختتام پر شیخ عبد الرحمن السدیس نے پاکستان و افغانستان میں امن، ترقی و خوشحالی کی کیلئے خصوصی دُعا کروائی ۔

 واضح رہے کہ اس ملاقات میں پیر نور الحق قادری کے ہمراہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور پاکستان سفارتی مشن کے حکام موجود تھے  جبکہ افغانستان کی جانب سے افغان وزیر مذہبی امور محمد قاسم حلیمی، افغانی سفیر اور علمائے کرام شامل تھے۔ ملاقات سے قبل دونوں رہنماؤں نے اپنے وفود کے ہمراہ مسجد الحرام میں نماز جمعہ ادا کیا۔