پاکستان کو عالمی وباء سے نجات دلانے کے لئے کوششیں تیز کر دی گئیں

20

ملتان،10جون(اے پی پی): پاکستان کو عالمی وباء سے نجات دلانے کے لئے کوششیں تیز کر دی گئیں، حکومت پنجاب کی ہدایت پر کورونا ویکسینیشن کے عمل  کو گئیراپ کرنے کے لئے پلان پر عمل کا آغاز کردیا گیا ہے، ضلع میں 22 کورونا ویکسینیشن سینٹر فعال ہیں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ہال میں قائم سینٹر سے شہریوں کو 24 گھنٹے  کورونا ویکسینیشن کی سہولت میسر ہے اور بڑے سرکاری اور نجی اداروں کے دفاتر میں کورونا کاونٹر قائم کرکے ویکسینیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے موبائل سروس بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس میں کورونا ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے آج کمپنی کے 2400 سے زائد ورکرز اور انکی فیملیز کی ویکسینیشن کی جائے گی ضلع ملتان میں اب تک2لاکھ41ہزار619 افراد کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔

گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ضلع میں 7206 افراد کی ویکسینیشن کی گئی ہے ڈسٹرکٹ جیل کے 600 سٹاف اور انکی فیملیز کی ویکسینیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ملتان ائرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن، ائرپورٹ سیکیورٹی فورس، ایف آئی اے، کسٹم، پی آئی اے سٹاف کے 740 افراد کی ویکسینیشن بھی مکمل کر لی گئی ہیں اور سکاری سکولوں کے ٹیچرز،کالج لیکچررز اور یونیورسٹی پروفیسرز اور سٹاف کی ویکسین کا ہدف بھی حاصل کر لیا گیا ہے کورونا ویکسینیشن نہ کرانے پر حکومت کی طرف سماجی پابندیوں کے عندیہ کے بعد سینٹرز پر رش بڑھنے لگا ہے۔