پشاور، 26جون(اے پی پی): چمکنی میں ایک ہی گھر میں فائرنگ سے خاندان کے 7 افراد کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا، کوئی اور نہیں گھر کا سربراہ ہی اس گھناؤنے جرم میں ملوث نکلا۔
واقعہ کے بارے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور عباس احسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چار روز قبل پشاور کے علاقے چمکنی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے7 افراد کو قتل کر دیا تھا جبکہ اس واردات کا پولیس نے ڈراپ سین کردیا ہے۔
اس حوالے سے سی سی پی او کا کہنا ہے کہ گھر میں ہونے والی فائرنگ سے 7افراد کے قتل کا کیس حل کرلیا گیا ہے، واردات میں گھر کا سربراہ ہی ملوث ہے، ملزم کا نام ابراہیم ہے۔ پولیس نے تمام تر شواہد کے حصول کے بعد ملزم ابراہیم کو چارسدہ کے علاقے تنگی سے گرفتار کرلیا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس نے غیرت کے نام پر پہلے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کیا،اس کے بعد بچوں سمیت گھر میں موجود دیگر افراد کو بھی طیش میں آکرگولیاں مار کر قتل کیا۔