پنجاب بجٹ 2021-22، یہ صحیح معنوں میں پنجاب کی تعمیر و ترقی کا بجٹ ہے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال

17

لاہور، 15 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے بجٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیویلپمنٹ کا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے، ٹوٹل بجٹ کا جو والیوم ہے وہ تقریباً 2600 ارب روپے کا ہے اس میں ڈیویلپمنٹ کا بجٹ تقریباً 560 ارب روپے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت  پنجاب نے کوشش کی ہے کہ جتنے بھی شعبہ جات ہیں ان کو برابری کی سطح پر دیکھا جائے اور عوام کی سہولت کے لئے تمام پروجیکٹس کئے جائیں جس سے ڈائریکٹ عوام کو فائدہ پہنچے، اس میں صحت کے حوالے سے ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے، انڈسٹری کے حوالے سے، ایجوکیشن کے حوالے سے، میں سمجھتا ہوں جتنا بجٹ رکھا گیا ہے اس کی مثال پچھلے کسی بجٹ میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے اندر بھی انڈسٹریل گروتھ کا ایک چیپٹر ہم نے شامل کیا ہے، ہم نے اپنی شرح نمو کے اندر تیزی کے ساتھ اضافہ کرنا ہے اور اس کے لئے ہنرمند نوجوان کے لئے بھی، اس کے ساتھ ساتھ قرضوں کے لئے بھی اور ان کی ٹریننگ کے لئے بھی، انڈسٹری کی ڈیولپمنٹ کے لئے بھی اور جتنے بھی اسپیشلی اکنامک زون ہیں اور مزید جو اسپیشلی اکنامک زون بنانے ہیں اور انڈسٹریل اسٹیٹ بنانی ہے اس کے لئے بھی۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اس سے بڑا بجٹ آج تک پاکستان کی اور پنجاب کی تاریخ میں نہیں آیااور یہ شعبدہ بازی والا بجٹ نہیں ہے بلکہ یہ صحیح معنوں کے اندر پنجاب کی تعمیروترقی کے لئے بجٹ رکھا گیا ہے اور اس کے ثمرات جو ہیں وہ انشااللہ جیسے بجٹ پاس ہو گا اس کے بعد آپ کو پنجاب کے جتنے بھی اضلاع ہیں ان میں کام ہوتا نظر آئے گا۔