پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ثقافت کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں؛ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

28

لاہور، 19 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ثقافت کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ ماضی میں شعبہ ثقافت کو نظر انداز کیا گیا، محکمہ ا طلاعات و ثقافت کی ٹیم دلجمعی اورجذبے کے ساتھ پنجاب کی ثقافت کو فروغ  دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر اعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار  نے  پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2021 کے تحت مختلف مقابلوں میں جیتنے والے فنکاروں کے اعزاز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں  کیا ۔تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بطور مہمان خصوصی مقابلے جیتنے والے فنکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور جیتنے والے فنکاروں کو مبارکباد دی اور ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، اس پروگرام کو آئندہ مزید آگے بڑھائیں گے، تحصیل کی سطح تک ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، ثقافت کے فروغ کے لئے جتنے فنڈز کی بھی ضرورت ہوئی محکمے کو دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنا الگ ٹی وی شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے، پنجاب حکومت کے ٹی وی کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو پروموٹ کریں گے، پاک ٹی ہاؤس کی طرح پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی دانشوروں،شاعروں اور فنکاروں کیلئے پاک ٹی ہاؤس قائم کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان فنکاروں کو اپنی خداد داد صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کیلئے موثر پلیٹ فارم ہے، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور ہم اس سرمائے کی نہ صرف حفاظت کریں گے بلکہ انہیں ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔

صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے بہترین اقدام ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عملی اقدامات کر کے ثابت کیاہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے حقیقی سپاہی ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کلچر پالیسی لارہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مختلف مقابلوں میں خواتین سمیت تقریباً 10ہزار نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، ڈسٹرکٹ،ڈویژن کے بعد صوبائی سطح پر7مختلف گیٹگریز میں مقابلے کرائے گئے، ہر سطح پر مقابلہ جیتنے والے نوجوانوں کو کیش انعام اور تعریفی اسناددی گئیں۔