صحت کی سہولیات میں بہتری کے لئے نرسوں کی تعلیم و تربیت کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنایا جائے؛ صدر مملکت عارف علوی کی ینگ نرسز ایسوسی ایشن  سندھ کے وفد  سے گفتگو

27

کراچی،19جون  (اے پی پی):صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وژن 2030 کے مطابق ملک میں صحت کی سہولیات کا معیار بلند کرنے کی خاطرنرسنگ کے شعبہ میں بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نرسوں کے لئے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

ہفتہ کو گورنر ہائوس میں ینگ نرسز ایسوسی ایشن (وائی این اے) سندھ کے وفد سے ملاقات میں صدرمملکت نے نرسنگ کے پیشہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس اور وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے ضمن میں یہ شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے  پاکستان نرسنگ کونسل (پی این سی) پر زور دیا کہ نرسوں کو معیاری تعلیم اور نرسنگ کے بہترین اصولوں پر عملدرآمد کے لئے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

 صدر مملکت نے پی این سی کے مقاصد کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے نرسوں کی اضافی طلب کو پورا کرنے کے لئے ہر سال90 ہزار مزید نرسوں کو شامل کیا جانا چاہئیے جس سے ملک میں طبی سہولیات کا معیار بلند ہوگا۔

وائی این اے کے عہدیداروں نے صدرمملکت کو میڈیکل کالجوں سے وابستگی سے متعلق آگاہی دی اور بتایا کہ ایک نرسنگ اسکول قائم کرنے کے لئے کم سے کم 200 بستر اور 50 طلبا کی ضرورت ہے ، ایسوسی ایشن نرسوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے گی۔

صدر نے کہا کہ یہ نرسنگ ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ نرسنگ اسکولوں کی کارکردگی اور معیار کی نگرانی کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ وہ مقامی معیار پر پورا اتر رہے ہیں۔ انہوں  نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کو نرسنگ ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے کی ہدایت کی تاکہ ان کے حقیقی مسائل حل ہوسکیں۔