ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی کا جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد کا دورہ

29

اوکاڑہ،18جون(اےپی پی): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی کا جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد کا دورہ جمعہ کو کیا، اس موقع پر سینئر سول جج خلیل احمد اور دیگر جوڈیشل افسران بھی ان کےہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رینالہ خورد رائے لیاقت علی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی کو جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے دورے کے دوران کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت جوڈیشل کمپلیکس میں پودا لگایا،ہائی کورٹ کے ویژن کے مطابق رینالہ خورد جو ڈیشل کمپلیکس میں سہولت سینٹر اور فری ڈسپنسری کا افتتاح کیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین مہم کے تحت لگائے جانے والے پودے اور تمام محکمہ جات کی اس مہم میں شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اس مہم کی کامیابی کے لئے کوشاں ہے وطن عزیز کا مستقبل شجر کاری سے جڑا ہوا ہے یہ آنے والے وقتوں کی بہترین سرمایہ کاری ہے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک خوشگوار اور صاف ستھری فضا فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کے مثبت اثرات پورے ملک میں محسوس ہوں گے، ہمیں آنے والی نسلوں کو ایک صحتمند سر سبز اور صاف پاکستان دیناہے جس کے لئے ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے۔ صفائی ستھرائی اور درخت لگانے کی مہم کو کامیاب بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پا کستان کا مستقبل نوجوان نسل سے جڑا ہو اہے پنجاب کو صاف اور سر سبز بنانے کے لئے نواجونوں کو آگے آنا ہو گا۔ وطن عزیز کو صاف اور سر سبز بنانے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی،کوڑا کرکٹ کو درست انداز میں ٹھکانے لگانے، نکاسی آب کے طریقوں کو بہتر بنانے ،  ہر سطح پر صحت و صفائی کی عا دات اپنانے کے لئے لوگوں کو آگا ہی دینے، زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اوران کی حفاظت اور پورے پنجاب میں شہروں، قصبات اور دیہاتوں کو خوبصورت بنانے کے لئے باہمی اشتراک سے اقدامات کو یقینی بنایا جائے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے اثرات معاشرہ کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

 انہوں نے سہولت سینٹر کے افتتاح کےموقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشی میں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں سہولت سنٹر فعال کر دئیے گئے ہیں پہلے مرحلے میں تحصیل اوکاڑہ دوسرے مرحلے میں تحصیل دیپالپور اور تیسرے مرحلے میں تحصیل رینالہ خورد میں سہولت سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد میں سہولت سنٹر کے قیام سے ایک چھت تلے سائلین کو تاریخ پیشی کی معلو مات، جیل سے تصدیق شدہ وکالت نامہ کا حصول، مقدمہ کی معلومات، ایم ایل سی کا حصول اور مقدمات میں دیگر تصدیق شدہ نقولات دستیاب ہونگی

محمد زاہد غزنوی نے جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد میں محکمہ صحت کے تعاون سے فری ڈسپنسری کا بھی افتتاح کیا اور انہوں نے کہا کہ فری ڈسپنسری میں دفتری اوقات کار کے دوران ڈاکٹر موجود ہو گا فری ڈسپنسری میں عدالتی عملہ اور وکلاء صاحبان کے لئے مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ضروت کے مطابق ہیلتھ کیئر سینٹر میں ضروری ٹیسٹ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔