ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے چوک ناگ شاہ کے اطراف میں واقع روائتی اور زگ زیگ سسٹم پر چلنے والے بھٹوں کا معائنہ کیا

28

ملتان 8جون (اے پی پی):پرانی طرز کے اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ سسٹم پر منتقل کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے چوک ناگ شاہ کے اطراف میں واقع روائتی اور زگ زیگ سسٹم پر چلنے والے بھٹوں کا معائنہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر عدنان بدر،خواجہ عمیر محمود اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفراقبال بھی  انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر  نے دونوں طرز کے بھٹوں کی بھرائی اور اینٹوں کی کوالٹی چیک کی۔انہوں نے  بھٹوں کے مالکان کے تحفظات اور خدشات بھی سنے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بلاوجہ کسی کا کاروبار اور روزگار خراب نہیں کرنا چاہتی۔انہوں نے کہ واضح کیا کہ حکومت کی ہدایات ہیں کہ ضلع میں صرف زگ زیگ سسٹم کے حامل بھٹوں کو چلنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آلودگی پیدا کرنے کے پیش نظر روائتی طرز کے بھٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی ٹیکنیکل ماہرین پر مشتمل ٹیم ملتان کا دورہ کرے گی اور  بھٹہ مالکان اور ورکرز کو زگ زیگ سسٹم بارے ٹریننگ دے گی،انہوں نے کہا کہ زگ زیگ سسٹم پر چلنے والے بھٹوں کی اینٹوں پر لاگت کم اور کوالٹی بہتر ہوتی ہے۔علی شہزاد نے کہا کہ پرانی طرز پر چلنے والے بھٹوں کے مالکان اپنے بھٹے زگ زیگ سسٹم پر منتقل کرنے کی تیاری کریں۔