کوئٹہ ،30جون (اے پی پی):ماڈل کلکٹریٹ کسٹم کوئٹہ کے کلکٹر عرفان جاوید نے کہا ہے کہ کسٹم کے عملے نے ایف بی آر سے ملنے والے اہداف کو بخوبی عبور کرتے ہوئے اب تک 12 ارب روپے سے زائد مالیت کا غیر ملکی سامان قبضے میں لیا ہے۔ اس کے علاوہ 1500 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، 42 لاکھ لیٹر ایرانی ڈیزل ، 26 کروڑ کا گٹکا، 7 کروڑ کی ادویات، 13 کروڑ کا الیکٹرونکس کا سامان ، 16 کروڑ کا سکریپ ، کمبل اور کارپٹ ، 108 بلین جبکہ 1676 میٹرک ٹن ممنوعہ اشیاء70 ہزار ٹائر ، 574 میٹرک ٹن کپڑا، 30 کروڑ کے آٹو پارٹس قبضے میں لئے جبکہ اس سال اب تک 1137 بلین کا سامان نیلام کیا گیا
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمے کے آفیسران اور دیگر عملے کو بہتر کارگزاری پر شیلڈز دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کلکٹر عرفان جاوید نے کہا کہ بلوچستان کے طول و ارض میں کسٹم کی چیک پوسٹوں، ویئر ہاﺅسز اور عملے کی رہائش کے لئے انفراسٹرکچر کے قیام کے لئے حکومت سے 1 ارب 16 کروڑ روپے کے فنڈز مانگے تھے جن میں سے 94 کروڑ روپے ریلیز کردیئے گئے ہیں، آئندہ ماہ تعمیراتی کام کا آغاز کردیا جائے گا، چیک پوسٹوں کے قیام کے لئے 11,11 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے۔
کلکٹر کسٹم عرفان جاوید کا کہنا تھا کہ ہم نے محکمہ کی بہتری کو ممکن بنانے کے لئے اپنی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے انفراسٹرکچر کے منصوبے پر کام کیا ہے او رمحکمے کو باعزت طور پر بلوچستان میں نظر آنے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے اس سال حکومت سے فنڈز حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے کے مختلف علاقوں مانی خواہ قمر الدین کاریز، بادینی کے مقامات پر 8 کروڑ روپے مالیت سے زمین حاصل کی ہے جہاں پر دفاتر ، چیک پوسٹ ، ویئر ہاؤس اور عملے کی رہائش کے لئے کمرے تعمیر ہوں گے،ہم نے 44 ایکڑ زمین حاصل کی ہے اس کے لئے زیارت کراس پر بھی بہترین ویئر ہائوس کی تعمیر کو ممکن بنایا جائے گا، 84 کروڑ 50 لاکھ روپے ان کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بہتر طور پر چیک پوسٹ ، ویئر ہاؤس اور رہائشی علاقوں کی ڈیزائننگ کی جائے تاکہ عملے کے دفاتر اور آفیسران کی رہائش کا بندوبست ہوسکے، ان عمارتوں کے لئے اراضی حاصل کرلی گئی ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر یاسر کلہواڑ ، ڈپٹی کلکٹر اکبر جان گنڈا پور اسسٹنٹ کلیکٹر عمیر خان، چیف اکاؤنٹس آفیسر کاظم علی، سپرنٹنڈنٹ طارق سلطان انسپکٹرز ، احمد نواز زہری، جمیل کاکڑ، انور درانی، شہزاد اختر ، پی آر او کسٹم ڈاکٹر عطابڑیچ ، کسٹمز ھاوس آفیسر احد درانی ، عیسی خان، اسفیند یار، نصیر شاہین، عارف دوتانی، میر علی، سمیت دیگر بھی موجود تھے۔