شکرگڑھ، 08جون(اے پی پی):پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی نے کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے بند کئے گئے گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور کو دوبارہ کھولنے پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پربندھک کمیٹی نے بھارتی حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی طرف سے راستے کو سکھ یاتریوں کے لئے کھول دے۔
جنرل سیکریٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقلیتوں با الخصوص سکھ قوم کے ساتھ جو سلوک کیا ھے، اس کی الفاظ میں تعریف کرناممکن نہیں ہے، کرتار باڈر کا کھلنا سکھوں کی ستر سال سے دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوردوارہ کرتار پور میں کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جا ئے گا جبکہ گوردوارہ میں کورونا ویکسینیشن سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، اس لئے یاتری بلا خوف و خطر یہاں آسکتے ہیں۔
سردار امیر سنگھ نے کہا کہ اپنے مقدس مذہبی مقامات کی یاترا ہر مذہب کے ماننے والے کا بنیادی حق ہے، اسلئے پاکستان کی طرح بھارت بھی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی طرف سے راستے کو کھول دے، تاکہ بھارتی سکھ یاتری بھی گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور کی یاترا کر سکیں۔