کیپیٹل سٹیزنز فائونڈیشن کی طرف سے 40 واٹر و سینی ٹائزر ڈسپنسر مشینیں چیف کمشنر/چیئرمین سی ڈی اے کے حوالے کر دی گئیں

91

اسلام آباد،7جون  (اے پی پی):غیر سرکاری تنظیم کیپیٹل سٹیزنز فائونڈیشن کی طرف سے کورونا سے بچائوکے لئے وفاقی دارالحکومت کے پرہجوم علاقوں، سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں کے باہر نصب کرنے کے لئے 40 واٹر و سینی ٹائزر ڈسپنسر مشینیں چیف کمشنر/چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کے حوالے کر دی گئیں جو سی ڈی اے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب کرے گا۔

 اس سلسلے میں پیر کو یہاں کیپیٹل سٹیزنز کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی،  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے مسائل یہاں کے رہائشیوں کو شامل کئے بغیر حل نہیں ہو سکتے، اسلام آباد میں صفائی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے شہریوں کو متحرک کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لئے اب ازسر نو ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کیپیٹل سٹیزنز فائونڈیشن شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے شہریوں کو متحرک کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک سیوریج پلانٹ کو دوبارہ آپریشنل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک پر مزید کام جاری ہے۔

  اس موقع پر کیپیٹل سٹیزنز فائونڈیشن کے چیئرمین جنرل (ر) احسان الحق نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس فورم کے قیام کا مقصد اسلام آباد کے باسیوں کے مسائل کو حل کرنا ہے، یہ فائونڈیشن صرف اور صرف خدمت کو اپنا شعار بنائے گی، یہ غیر سیاسی و غیر کاروباری فورم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں کو شہر کے مسائل کے حل کے لئے ذمہ داری لینا ہو گی ، جب تک یہ خود  ذمہ داری نہیں لیں گے تو اس وقت تک یہ شہر بہتر نہیں ہو سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ شہر اقتدار کی ترقی کے لئے عوام کو آگے لائیں گے۔  اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری نے کہا کہ کسی بھی مقصد کو حاصل کرنے کے لئے محنت، لگن اور تسلسل سے کام کرنا ضروری ہے۔

 فائونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کنور دلشاد، شعیب سڈل، جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر رحیم اعوان اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔