ملتان، 7جون(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے پرائیوٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ڈاکٹرعرفان پراچہ، ڈاکٹر اسمعیل بشیر،ڈاکٹر عدیل فاروق اور ڈاکٹر سمیرا ابرار وفد میں شامل تھے جبکہ ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق اور ڈاکٹر عفت عمر بُچہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پرائیویٹ ڈاکٹرز کے وفد نے عطائیت کے خلاف جاری مہم پر ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی۔وفد نے ایل ایچ ویز اور مڈ وائویز کی طرف سے پرائیوٹ کلینکس میں گائنی آپریشن کرنے کی شکایت کی جس کا ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سخت نوٹس اور سی ای او ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پرائیویٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا،ایم بی بی ایس ڈاکٹرز اپنے نام کے بورڈ لگا نے کی اجازت دیتے ہیں جس کی آڑ میں عطائی ڈاکٹروں کو لوگوں کی جان سے کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن اور ڈرگ کنٹرولرز کو عطائیت اور جعلی ادویات کے خاتمے کا ٹاسک دیا گیا ہے،اس کے علاوہ پولیو اور ڈینگی ٹیمیں بھی عطائی ڈاکٹروں کی نشاندہی کر رہی ہیں جس پر ایکشن لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے وفد کے ساتھ گفتگو میں ضلع ملتان کو عطائیت سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔











